تفسیر سورۃ الفلق

پیارے  بچو آج ہم سورہ الفلق کی تفسیر جانٰیں گے ان شاءاللہ ۔

پیارے بچو سورۃ الفلق قرآن مجید کی  113 نمبر  والی سورت ہے ،اس میں کل 71 حروف ہیں،جس کا مطلب ہے اگر آپ ایک مرتبہ تلاوت کرٰیں تو 710 نیکیا ں پائیں گے ان شاءاللہ ۔

پیارے بچو جانتے ہو ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  مدینہ کی گلیوں سے گزر رہے تھے ،ساتھ عقبہ بن عامر  رضی اللہ عنہ تھے ،آپ نے کہا ائے عقبہ کیا میں تجھ کو 2 بہترین چیزیں نہ سکھاوں ؟میں  نے کہا کیوں نہیں؟آپ نے سورۃ الفلق  اور سورۃ الناس سکھایا ۔پھر نماز کھڑی ہوگئی آپ نے نماز میں بھی ان دونوں سورتوں کی تلاوت کی ۔ابوداود ۔

عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ ہر فرض نماز کے بعد یہ دو سورتیں پڑھا کرتے تھے ۔ابوداود۔

پیارے بچو آو  اب ہم ترجمہ پڑھیں گے ۔

قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ[1] مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ[2] وَمِنْ شَرِّ غَاسِقٍ إِذَا وَقَبَ[3] وَمِنْ شَرِّ النَّفَّاثَاتِ فِي الْعُقَدِ[4] وَمِنْ شَرِّ حَاسِدٍ إِذَا حَسَدَ[5]

 کہہ دو کہ  میں مخلوق کے رب کی پناہ  میں  آیا۔ [1] اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی۔ [2] اور اندھیری رات کے شر سے جب وہ چھا جائے۔ [3] اور گرہوں میں پھونکنے والیوں کے شر سے۔ [4] اور حسد کرنے والے کے شر سے جب وہ حسد کرے۔ [5]

پیارے بچو جانتے  ہو  دنیا میں سب سے زیادہ طاقتور کون ہے؟اللہ ہے ۔جب اللہ ہی سب سے زیادہ طاقتور ہے تو اسی کی پناہ میں آنا چاہئے ۔

پیارے بچو پہلی آیت  میں ہم اس اللہ کی پناہ میں ،حفاظت میں آنے کی دعا کر تے ہیں  جو صبح کا سورج نکالتا ہے ۔اللہ نے   اپنے بندوں کے لئے  بے شمار  خیر والی چیزیں پیدا کی ہیں ،وہیں پر بندوں کو آزمانے کے لئے  بہت ساری شر والی چیزیں بھی پیدا کی ہیں۔ہم اللہ سے شر  والی چیزوں سے پناہ مانگتے ہیں۔

پیارے بچو جب اندھیرا چھا جاتا ہے  تو اس  اندھیرے میں ہی جادوگر اپنا جادو  کرتے ہیں،اور بہت سارے برے کام اندھیرے میں  ہی ہوتے ہیں ،اس لئے اندھیرے کے شر سے پناہ مانگتے ہیں۔

پیارے بچو   جانتے ہو اللہ تعالی نے  اس سورت کیوں نازل کیا ہے ؟آو ہم بتاتے ہیں۔

مسند احمد میں ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک یہودی نے جادو کیا جس سے کئی دن تک آپ بیمار رہے پھر جبرائیل علیہ السلام نے آ کر بتایا کہ فلاں یہودی نے آپ  پر جادو کیا ہے اور فلاں فلاں کنوئیں میں گرہیں لگا کر کر رکھا ہے آپ کسی کو بھیج کر اسے نکلوا لیجئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے  صحابہ کرام کو بھیجا اور اس کنوئیں سے وہ جادو نکلوا کر گرہیں کھول دیں سارا اثر جاتا رہا پھر نہ تو آپ نے اس یہودی سے کبھی اس کا ذکر کیا اور نہ کبھی اس کے سامنے غصہ کا اظہار کیا۔

رسول اللہ نے سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھی تو جادو کا اثر ختم ہوگیا ۔پیارے بچو یہ دونوں سورتیں  جادو سے   بچنے کے لئے ہمیشہ تلاوت کرتے رہیں ۔

پیارے نبی  ان دونون سورتوں کی تلاوت کرتے اور اپنے ہاتھوں پر پھونکتے ،ان ہاتھوں کو اپنے جسم پر   پھیر لیتے تھے ۔

پیارے ہم  سب کو حسد کرنے والوں سے بھی بچنا ہوگا ،جانتے ہوحسد کس کو کہا  جاتا ہے؟حسد  کا مطلب   ،اللہ نے کسی کو ایک نعمت دے رکھی ہے  اور ہمارے دل میں خیال آرہا ہے کہ اس کی نعمت ختم ہوجائے ،برباد ہوجائے تو اس کو  حسد کہا جاتا ہے ۔پیارے بچو   خود بھی حسد سے بچنا ہے اور جو لوگ حسد کرتے ہیں ان سے  بھی بچنے کی دعا کرنا چاہئے ۔

سوالات :

  • عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کو رسول اللہ نے کونسی سورتیں سکھائیں؟
  • عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ ہر فرض نماز کے بعد کونسی سورتیں پڑھا کرتے تھے؟
  • رسول اللہ پر جادو کس نے کیا تھا؟
  • نبی کو کس نے بتایا کہ آپ پر جادو کیا گیا ہے؟
  • حسد کس کو کہتے ہیں؟

ہوم ورک : آپ کو  کن کن چیزوں سے ڈر لگتا ہے ایک لسٹ بنائیں۔اور ان چیزوں سے بچنے کے لئے کیا کرنا چاہئے بتائیں؟

اپنے امی سے ،ابو سے پوچھیں کہ حسد کس کو کہتے ہیں؟اور  حسد کے متعلق  امی ابو سے بات کریں ۔

How useful was this post?

Click on a star to rate it!

Average rating 4.3 / 5. Vote count: 3

No votes so far! Be the first to rate this post.

Leave a Reply