وقت کی سب سے اہم ضرورت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ناظرین ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ ناقابل تصور ہیں ،ہر محلے میں روزانہ جنازے نکل رہے ہیں،ہر محلے میں لوگ سہمے ہوئے ہیں،جن کے گھروں میں کوئی مریض ہے ان کی حالت بڑی نازک ہے ،ذہنی طور پر ،جسمانی طور پر ،مالی طور پر ہر ناحیہ سے پریشان ہیں ۔کوئی پریشانی کو شیر کرتا ہے کوئی نہین کرتا ہے ۔کوئی بولتا ہے کوئی خاموش جھیلتا ہے ۔
ماہ رمضان میں اہل خیر حضرات نے کافی مال خرچ کیا الحمد للہ ،اللہ ان سب کی پائی پائی قبول فرمائے ۔ان سب کے کاموں کو میزان حسنات میں شمار کرے ۔اس وقت لوگ ہسپتالوں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ہسپتال میں داخلہ نہیں مل رہا ہے ، ہسپتال کے ذمہ دار ،ڈاکٹرس بھی مال پر نظر رکھتے ہوئے نظر آرہے ہیں جو آدمی لاکھوں خرچ کر سکتا ہے اسی کا داخلہ ممکن ہورہا ہے ،جو غریب ہے اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔اس وقت امت کے نوجوانوں کو کچھ کام کرنا ہے ،یہ کام اہل خیر لوگوں کے بغیر ممکن نہیں ہیں ۔
1 اکثر لوگوں کو سانس کا مسئلہ ہے وہ مارے مارے آکسیجن کے لئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں ،لیکن انتظام نہیں کر سکتے ہیں یا ان کو معلومات نہ ہونے سے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔جس طرح رمضان میں اہل خیر حضرات کھانا تقسیم کرتے تھے ،راشن تقسیم کرتے تھے اب آکسیجن کا انتظام کرنے کا وقت آچکا ہے ۔کئی لوگ اس سلسلہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ان لوگوں کا تعاون کریں تاکہ وہ لوگ پریشان لوگوں کے لئے آ کسیجن کا انتظام کر سکیں ۔
2ہر محلے میں مسجدوں کے ذریعہ کووڈ ٹیسٹ کرانے کی مھم چلائی جائے ۔ اکثر لوگ اپنی بیماری کو سمجھ نہیں پارہے ہیں۔اور میڈیکل کی دوائیں کھاتے ہوئے سمجھ رہے ہیں کہ ٹھیک ہوجائیں گے ۔یہ رجحان خطرناک ہے جو وبا کو پھیلنے سے روک نہیں سکتا ۔بلکہ پھیلنے میں معاون ہے ۔تھوڑی بھی علامتیں نظر آئیں تو ٹیسٹ کرائیں ۔خاص طور پر دل کے مریض ،کمزور لوگ، 60 سے زائد عمر کے لوگ جلدی ٹیسٹ کرا لیں ۔
3 شادیوں میں کم سے کم لوگوں کو شریک کریں ،جنازوں میں بھی کم سے کم لوگ رہیں۔دعوتوں کا بائیکاٹ کریں ۔مصافحہ کرنے سے مکمل باز ہی رہیں ۔
4 جو بھی میڈیکل کی وجہ سے پریشان ہے اس کی جو ہوسکے ضرور مدد کریں ،اگر مال ہے تو مال سے ،اگر معلو مات ہیں تو معلومات سے ،تجربات سے ،اپنے رسوخات سے ،اپنے تعلقات سے ،دوستوں سے ،جیسے بھی ہو ضرور مدد کریں ۔کبھی کبھی آپ کا ایک فون بڑے بڑے مسائل کو آسان بنا سکتا ہے۔آپ کی ایک درخوست سے کسی کا بڑا مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ہمیشہ یہ دیکھیں کہ آپ سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے وہ ضرور کریں ۔
5 آپ کے سرکل میں جو بھی بہت زیادہ مستحق ہے ضرور مدد کریں ،یاد رکھیں حقیقی مجبور آدمی کی زبان نہیں بولتی ،چہرہ بول دیتا ہے ،چہروں کو پڑھنا سیکھیں ۔