بچوں کی تفسیر سورۃ الاخلاص

سورۃ الاخلاص
پیارے بچو آپ جانتے ہیں کہ ہم سب کا اللہ ایک ہی ہے ،ہم سب اسی کے بندے ہیں ۔قرآن مجید میں ایک ایسی سورت ہے جس میں اللہ کا تعارف کیا گیا ہے ۔اس کو سورۃ الاخلاص کہا جاتا ہے ۔سورۃ الاخلاص ایک ایسی سورت ہے جس کو تین مرتبہ پڑھیں تو ایک قرآن مجید تلاوت کرنے کا ثواب ملتا ہے ۔اس سورت میں 47 حروف ہیں جس کامطلب ہے اگر آپ ایک مرتبہ تلاوت کریں گے تو 470 نیکیاں ملیں گی ان شاءاللہ ۔ایک صحابی ہر نماز میں سورۃ الاخلاص پڑھتے تھے صحابہ نے پوچھا ایسا کیوں پڑھتے ہو تو انہوں نے کہا میں اس سورت سے بہت محبت کرتا ہوں تو اللہ کے رسول نے اللہ بھی ان سے محبت کرتا ہے ۔
پیارے بچو چلو آج ہم سورۃ الاخلاص کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ
کہہ دے وہ اللہ ایک ہے۔
اللَّهُ الصَّمَدُ
اللہ ہی بے نیاز ہے۔
لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ
نہ اس نے کسی کو جنا اور نہ وہ جنا گیا۔
وَلَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا أَحَدٌ
اور نہ کبھی کوئی ایک اس کے برابر کا ہے۔
پیارے بچو ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ تمہارے رب کے بارے میں بتاو تو اللہ نے یہ سورت نازل فرمائی ۔پیارے بچو دنیا میں مختلف لوگ ہیں ،کچھ لوگ نبیوں کو اللہ کا مقام دیتے ہیں ۔کچھ لوگ نبیوں کو اللہ کا بیٹا قرار دیتے ہیں۔کچھ لوگ درختوں کی عبادت کرتے ہیں ،کچھ لوگ پہاڑوں کی عبادت کرتے ہیں،کچھ لوگ سورج کی پوجا کرتے ہیں کچھ لوگ جانوروں کی عبادت کرتے ہیں۔
پیارے بچو ہم مسلمان یہ سمجھتے ہیں کہ یہ چاند ،سورج ،درخت ،پہاڑ ،جانور سب اللہ نے ہماری خدمت کے لئے پیدا کیا ہے ،اس لئے ان کی عبادت نہیں بلکہ ان کو پیدا کرنے والے کی عبادت کرنا ہے ۔
پیارے بچو اللہ ایک ہی ہے ،اور وہ بے نیاز ہے ،یعنی اس کو کسی کی ضرورت نہیں ہے ،جیسے ہم لوگ کھانے کے محتاج ہیں ،پینے کے محتاج ہیں ،ہوا کے ،محتاج ہیں،نیند کے محتاج ہیں ،لیکن اللہ کو کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے ۔
اللہ کے نہ ابو امی ہیں نہ اس کے بیوی بچے ہیں۔وہ کسی سے نہ پیدا ہوا نہ اس کی کوئی اولاد ہے ۔اور اس کے برابر کوئی نہیں ہے ۔نہ اس کی طاقت کے بربار کوئی ہے نہ اس کے علم کے برابر کوئی ہے ۔اسی نے سب کو پیدا کیا ہے ۔سب اس کے محتاج ہیں ۔
سوالات
1 سورۃ الاخلاص میں کتنے حروف ہیں ؟
2 سورۃ الاخلاص کا کیا ثواب ہے؟
3 سورۃ الاخلاص کیوں نازل ہوئی ؟
4 جو صحابی ہر نماز میں سورۃ الاخلاص پڑھتے تھے تو نبی نے کیا کہا؟
5 اللہ بے نیاز ہے اس کا مطلب کیا ہے؟