رمضان کے بعد بھی 10 کام جاری رکھیں

سورج روزانہ مشرق سے نکلتا ہے اور مغرب میں ڈوب جاتا ہے، اسی سے ماہ و سال بنتے ہیں، اسی طرح رمضان کا بابرکت مہینہ ہم پر سایہ فگن ہوا اور بڑی تیزی کے ساتھ رخصت ہوا چاہتا ہے، عید سر پر ہے، سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ کو عید الفطر کی مبارکباد دی کیسے دی جائے؟
کسی کو خبر نہیں کہ رحمتوں کا موسم آئندہ نصیب ہوگا یا نہیں، میرے بھائیو! رمضان دارہا ہے تو ایک فریضہ ہم پر عائد ہوتا ہے:کہ عید الفطر کی نماز سے قبل ہر چھوٹے بڑے ،مرد و عورت مسلمان صدقۂ فطر ادا کریں، اس سے غفلت میں نہیں پڑنا چاہئے ورنہ عنداللہ سخت گنہگار ہونگے، اس کا مقصد حدیث میں بتایا گیا ہے کہ روزہ دار کے لغو و فحش باتوں(کے گناہ) سے تطہیر اور صفائی ہوجاتی ہے نیز مسکینوں کی خوراک کا انتظام ہوجاتا ہے،(ابو داؤد)
گھر کے ہر فرد کی طرف سے ایک ایک صاع(تقریباً ڈھائی کلو)جو،کھجور،چاول،گیہوں یا آٹا نکالا جانا ضروری ہے، صدقۂ فطر کی ادائیگی عید سے ایک یا دو دن پہلے بھی کی جاسکتی ہے، بعض صحابۂ کرام ایسا کرتے تھے، لیکن اس کا اصل وقت عید کی صبح سے نماز عید سے قبل تک ہے۔
ان شاء اللہ صدقۂ فطر کی ادائیگی سے ہمارے روزوں میں جو نقص ہوا ہوگا اللہ تعالیٰ معاف کردے گا، لیکن غور کیجئے کہ یہ مبارک ماہ جو ہم سے رخصت ہورہا ہے، کچھ پیغام دے کے جارہا ہے، اسکی پابندی ہی ہمیں کامیابی دلائے گی۔
۱۔ آپ نے رمضان میں نیکیوں کی جو مضبوط رسی بنائی ہے اسکو مت توڑئے گا، مکہ میں ریطہ بنت سعد نامی پاگل عورت تھی وہ پورے دن سوت کاتتی تھی اور شام میں توڑ دیتی تھی، قرآن میں وارد ہے:’’ اس عورت کی طرح نہ ہو جاؤ جس نے اپنا سوت مضبوط کاتنے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے کرڈالا‘‘(النحل:۹۲) آپ نے اللہ سے جو عہد و پیمان کیا ہے اس کی پاسداری مرتے دم تک کرنی ہوگی۔
۲۔ رمضان کے بعد شیطان آزاد ہوجائیں گے لیکن آپ اسکے مکر سے اپنے کو محفوظ رکھیں ، اسلئے کہ شیطان چاہتا ہے کہ اللہ کے یہ بندے ابلیس کی راہ پر چل کر جہنم خرید لیں، جب کہ ہم نے جنت خرید لی ہے، لہذا دینی ذمہ داریوں کو ہرگز نہ بھولیں گے۔
۳۔ نمازوں کی پابندی جس طرح ہم نے رمضان میں کی ہے اسی انداز میں بقیہ مہینوں میں بھی کرنی ہوگی،اسلئے کہ نماز ہماری زندگی، قبر اور پل صراط میں نور کی طرح روشن رہیگی۔ ان شاء اللہ، یاد رہے کہ نماز ہی ہمارے مال اور اولاد میں برکت کا سبب ہے۔
۴۔ رمضان کے بعد قرآن کریم سے غفلت نہیں ہونی چاہئے،خبردار! ان لوگوں میں سے نہ ہوجائیں جو صرف رمضان میں قرآن پڑھتے ہیں اور بقیہ ایام میں چھوڑے رہتے ہیں قرآن میں بزبان رسول اللہ ﷺ واردہوتا ہے’’اے میرے پروردگار! میری امت نے قرآن کو چھوڑ رکھا تھا‘‘(الفرقان:۳) نبی ﷺ بروز قیامت تارک قرآن کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے، اللہ اکبر! لہذا ہمیں چاہئے کہ یومیہ قرآن کا کچھ حصہ تلاوت کرنے عادت ڈالیں۔
۵۔ کثرت سے اللہ کا ذکر کرتے رہیں،گھر سے نکلتے وقت،داخل ہوتے وقت، صبح و شام کی دعائیں وغیرہ کی پابندی کریں۔
۶۔ رمضان کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ ہم نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں، کہ جب بھی ہم معصیت کے متعلق سوچیں تو نیک ساتھی اس گناہ سے روک دے۔
۷۔ رمضان کے روزے کس کے قبول ہوئے اور کس کے نہیں؟ آپ خود فیصلہ کرسکتے ہیں: عمل کی قبولیت کے لئے ضروری ہے کہ اطاعت کا تسلسل ہو، لہذا آپ کوشش کریں کہ رمضان میں جو تبدیلیاں آپکی زندگی میں ہوئیں ان کو باقی رکھیں اور شیطان کوہر موڑ پر شکست دیتے رہیں۔
۸۔ رمضان کا اصل مقصد ہماری زندگیوں میں تقویٰ کا حصول ہے، اگر یہ تقویٰ محض رمضان کیلئے تھا تو سب بیکار ہے، اس کا اثر پوری زندگی میں باقی رہنا چاہئے۔
۹۔ ہم نے اپنی زبانوں کا روزہ رکھا،غیبت،چغلی،بیہودگی سے اپنے کو بچائے رکھا تو بقیہ ایام میں بھی اسکی حفاظت کرنی ہوگی، اپنے کانوں کو موسیقی اور برائیوں سے بچائے رکھا،آنکھوں کو روزہ رکھوایاتو یہ روزہ عمر بھر رکھنا چاہئے۔
۱۰۔ شوال کے چھ روزے ہرگز نہ بھولیں گے۔ ابو ایوب انصاریؓ کی روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے رمضان کے ساتھ شوال کے چھ روزے رکھے، اس نے گویا پورے سال کا روزہ رکھا(مسلم) ماہ رمضان دس مہینوں کے برابر ہوا، ایک نیکی کا دس گنا اجر ہے، اور شوال کے چھ روزوں کا دو ماہ ہوا،اسطرح بارہ مہینے پورے ہوئے، یہ اللہ کا فضل عظیم ہے،آپ عید کے پورے شوال میں کسی بھی طرح روزہ رکھ سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان کے ان پیغامات کی حفاظت کی توفیق بخشے۔آمین

How useful was this post?

Click on a star to rate it!

Average rating 0 / 5. Vote count: 0

No votes so far! Be the first to rate this post.

Leave a Reply